کولکاتہ 2اکتوبر ( آئی این ایس انڈیا /ایس او نیوز) کولکاتہ کے شہر مارکیٹ علاقہ میں منگل کو ایک دھما کہ ہوا جس میں ایک خاتون سمیت دس افراد زخمی ہو گئے۔ بعد میں علاج کے دوران ایک زخمی بچے کی موت ہو گئی۔ دھماکہ ایک کثیر منزلہ عمارت کے سامنے ہوا جس کے اطراف کے علاقوں میں افراتفری مچ گئی۔
عمارت کے گراؤنڈ فلور پر پھل کی ایک دکان ہے، جس کے باہر دھماکہ کا یہ واقعہ ہوا۔ ایک پولیس افسر نے بتایا کہ دم دم پولیس تھانہ علاقے کے بھیڑ بھاڑ والے قاضی پاڑہ میں صبح 9.30 بجے دھماکہ ہوا۔ زخمی لوگوں کو فوری طور پر نزدیک کے سرکاری اسپتال میں داخل کیا گیا،جہاں ان کا علاج چل رہا ہے۔پولیس کے مطابق، دھماکے کی مکمل تفتیش کے لئے جائے وقوع پر فورینزک ٹیم اور ’’کھوجی کتے ‘‘کی ٹیم روانہ کر دی گئی ہے۔
واقعہ کے بارے میں بیرک پور پولیس تھانہ کے ایک افسر نے کہا کہ شروع میں ایسا لگا جیسے کسی سلنڈر میں دھماکہ ہوا ہو لیکن ایسا نہیں تھا۔ مکمل تفصیل جاننے کی کاروائی چل رہی ہے۔ سی آئی ڈی بم اسکواڈ کے ساتھ فورینزک ماہرین علاقے کی چھان بین کر رہے ہیں۔جس عمارت کے سامنے یہ دھماکہ ہوا اس میں جنوبی دم دم میونسپل صدر پچھو رائے کی رہائش ہیں ۔ رائے نے دعوی کیا کہ دھماکے ان ہی کو نشانہ بنا کر کیا گیا ہے۔ رائے نے اگرچہ کسی پارٹی کا نام نہیں لیا لیکن ویسی طاقتوں کی طرف اشارہ کیا جو پورے بنگال میں حکمراں ترنمول کانگریس کے خلاف حملے کرا رہی ہیں۔
رائے نے کہا کہ یہ منصوبہ بند دھماکہ تھا۔ ان کا منصوبہ مجھے اور ٹی ایم سی کارکنوں کو قتل کرنے کا تھا تاکہ وہ اس علاقے میں لوگوں میں خوف پھیلا کر اپنی جگہ بنا سکیں۔ پچھو رائے کے مطابق اس دھماکے میں 10 افراد زخمی ہوئے ہیں۔ صحافیوں کے ایک سوال پر کہ کیا دھماکہ ٹی ایم سی کی اندرونی اختلاف کا نتیجہ ہے۔ اس پر رائے نے کہا کہ جنوبی بنگال میں پارٹی کے اندر ایسا کچھ بھی نہیں ہے۔دھماکے کے بارے میں بنگال کے وزیر پرنیدو باسو نے کہا، مجھے لگتا ہے کہ یہ دھماکہ ٹھیک ویسا ہی ہے جیسا آر ایس ایس اور جگہوں پر کرتا ہے۔